سید مراد علی شاہ،قائد اعظم ہاؤس میوزیم کے بارے میں سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر عمل کرنے والے پہلے وزیر اعلی ہیں

سید مراد علی شاہ،قائد اعظم ہاؤس میوزیم کے بارے میں سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر عمل کرنے والے پہلے وزیر اعلی ہیں
قائد اعظم ہاؤس میوزیم (فلیگ اسٹاف ہاؤس)کے انتظامی بورڈ کی سربراہی سید مراد علی شاہ کریں گےکراچی07 مارچ، 2022: وزیر اعلی سندھ، سید مراد علی شاہ نے قائد اعظم ہاؤس میوزیم کے انتظامی بورڈ کا چیئرمین بننے پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے بورڈ کو اپنے اس عزم سے آگاہ کیا ہے کہ وہ قائد اعظم کے ورثے کوآگے بڑھانے کا کام جاری رکھیں گے۔

حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن مورخہ6 اپریل،2021 کے تحت قائم کیے جانے والے قائد اعظم ہاؤس میوزیم (فلیگ اسٹاف ہاؤس)– ادارہ ء قومی تعمیرکے بورڈ آف مینجمنٹ(BoM) کو مختلف سرگرمیوں کا اختیار دیا گیا ہے۔یہ بورڈ اپنے شعبے کی ممتاز شخصیات اور رہنماؤں پر مشتمل ہے۔یہ بات قائد اعظم ہاؤس میوزیم
کراچی میں ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں بتائی گئی۔
انتظامی بورڈ کے سیکریٹری جنرل کموڈور(ر) سدید اے ملک نے حکومت سندھ کے نوٹیفکیشن مورخہ6 اپریل، 2021 کے تحت مقرر کیے جانے والے انتظامی بورڈ کے ارکان کا تعارف کرایا۔انھوں نے کہا کہ 17 سے19 مارچ تک ہونے والے ایونٹس کے اختتام کے بعد مزید ایونٹس ہوں گے۔

اس موقع پر انتظامی بورڈ کے سینئر وائس چیئر مین لیاقت مرچنٹ نے بعض سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جو اس نوٹیفکیشن کے مطابق ہوں گی۔ان میں ” جناح لائبریری” کے نام سے ایک پبلک لائبریری اور ایک سمعی و بصری مرکز کا قیام شامل ہے جس میں قائد اعظم محمد علی جناح،تحریک پاکستان اور تحریک کے دوسرے رہنماؤں کے بارے میں فلمیں / ڈاکومینٹریز دکھائی جائیں گی،اس کے علاوہ میوزیم کو توسیع دی جائے گی جس میں قائد اعظم سے تعلق رکھنے والے نوادرات رکھے جائیں گے۔حکومت سندھ کی طرف سے ہیریٹیج سائیٹ کو محفوظ بنایا جائے گا اور اس کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

لیاقت مرچنٹ نے کہا کہ” ہم اسکولوں کے سینئر طلبہ و طالبات کے لیے تعلیمی اور تقریری مقابلے کرائیں گے؛آرٹ ایگزیبیشنز ہوں گی،ان پہلوؤں کے بارے میں جن سے قیام پاکستان کی راہ ہموار ہوئی شہریوں اور نوجوان نسل کے فائدے کے لیے سیمینارز،ٹاک شوز اور اس قسم کی دوسری ادبی تقریبات کا انتظام کیا جائے گا”۔

اکرام سہگل نے آڈیٹوریم کے بارے میں بتایا اور کہا کہ قائد اعظم ہاؤس میوزیم(ہیریٹیج سائیٹ)کے پیچھے ایک شاندار آڈیٹوریم بنانے کی تجویز زیر غور ہے اور انتظامی بورڈ کو زمین کی جانچ کے لیے ہیریٹیج کمیشن، سندھ کی فنی کمیٹی کی منظوری کا انتظار ہے،جس کے بعد ایک انڈر گراؤنڈ میوزیم کے لیے سندھ ثقافتی ورثہ(تحفظ) ایکٹ،1994 اور رولز آف2017 کے تحت ہیریٹیج کمیشن کی منظوری کے لیے بلڈنگ پلانز پیش کیے جائیں گے۔ آڈیٹوریم سے متعلق کراچی کے ممتاز ماہر فن تعمیر،سید عقیل بلگرامی کی طرف سے ایک concept پیپر تیار اور پیش کیا گیا ہے۔

ایک دہائی سے زیادہ عرصہ کے بعد انتظامی بورڈ کی طرف سے کراچی کے اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے سالانہ مقبول ایونٹ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں ایجوکیشن پروگرامز کمیٹی کی سربراہ مسز امینہ سید نے بتایا کہ 17 سے19 مارچ تک قائد اعظم ہاؤس میوزیم میں جناح تقریری مقابلہ2022
ہو گا۔اس میں شرکت کے لیے کراچی کے 45 اسکولوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔چناؤ کا مقابلہ17 اور18 مارچ کو ہو گا جب کہ فائنل مقابلہ 19 مارچ کو ہو گا۔طلبہ کے لیے تقریر کے عنوانات یہ ہیں: جناح کا پاکستان، پاکستان اور عالم اسلام– باہمی تعاون اور فوائداور قرارداد پاکستان1940۔جیتنے والے پہلے تین طلبہ کو دلکش انعامات دیئے جائیں گے۔دوسرے پروگراموں کا بھی،جن سے قومی تعمیر کی مشق میں مدد ملے گی انتظام کیا جائے گا اور یہ باقاعدہ بنیادوں پر ہوں گے۔

فائنل مقابلے کے ججوں میں مسز نادرہ پنجوانی(پنجوانی چیریٹیبل فاؤنڈیشن اینڈ ٹرسٹ)مسز نسرین مرچنٹ(دی جناح سوسائٹی)مسز امینہ سید(لائٹ اسٹون پبلشرز) ڈاکٹر ہما بقائی(IBA کراچی)اور جناب ارشد سعید حسین(آکسفرڈ یونیورسٹی پریس کراچی،پاکستان) شامل ہیں۔
اس ایونٹ کو حبیب میٹرو پولیٹن بینک لمیٹڈ،جناح سوسائٹی اور کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز اسپانسر کر رہے ہیں۔