اسلام آباد (01 مارچ، 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تفریق کو کم کرنے کے لیے جی ایس ایم ایسوسی ایشن کے ساتھ اشتراک کا آغاز کیا ہے۔اس حوالے سے دونوں اداروں کے مابین بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس 2022 کے موقع پرتعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اس اشتراک کے ذریعے جی ایس ایم اے ڈیجیٹل صنفی تفریق کو کم کرنے کے لیے اہداف پر مبنی منصوبوں کی نشاندہی کے لیے ڈیٹا شیئرنگ /آگاہی/مہارت کے حوالے سے پی ٹی اے کومعاونت فراہم کرے گا۔ جن میں دیہی و شہری دونوں علاقوں میں خواتین کی ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت، رسائی، کم قیمت، آن لائن سیکورٹی کے حوالے سے شعوری بیداری اور ڈیجیٹل مہارتوں سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے۔
جی ایس ایم اے پی ٹی اے کو ایس ایم ایس /وٹس ایپ /آئی وی آر پر مبنی صارف سروے ڈیزائن کرنے میں بھی معاونت کرے گا۔ ان سرویز کے ذریعے پی ٹی اے سم اور ڈیوائس کی ملکیت، انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کے استعمال اور مالیاتی رسائی میں موجود فرق کے حوالے سے صنفی تفریق پر مبنی مستند ڈیٹا کا حصول ممکن بنائے گا۔
جی ایس ایم اے پی ٹی اے کے ساتھ آئی سی ٹیز میں صنفی شمولیت کے بارے میں بہترین طریقوں /ہدایات اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ڈیٹا انڈیکیٹرز کے لئے بھی اشتراک کرے گا۔ اس کے علاوہ، جی ایس ایم اے اردو زبان میں موبائل انٹرنیٹ سکلز ٹریننگ ٹول کٹ (ایم آئی ایس ٹی ٹی) فراہم کرے گا، جس سے ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ میں اضافہ ہو گا اور عوام الناس کو اپنے موبائل پر انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال میں مدد ملے گی۔ یہ تعاون پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کی طرف پہلا قدم ثابت ہو گا۔