ورلڈاکنامک فورم کے موقع پر ملکی سیاست و معیشت پر جامع مباحثے ”پاکستان بریک فاسٹ“ کی شاندار پذیراٸی

ڈیوس: پاکستان کے نوجوان وزیر خارجہ بلالول بھٹو زرداری نے ڈیوس میں منعد ہونے والی ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر پاکستان کی سیاست و معیشت کے حوالے سے منعقد کیے جانیوالے پاکستان بریک فاسٹ سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔ وزیر خارجہ نے دوسرے اہم سرکاری حکام کے ہمراہ سٹیگنبرگر بیلویڈیئر ہوٹل ڈیووس میں منعقد ہونے والے اس روایتی سیشن میں پاکستان کو درپیش سیاسی ومعاشی چیلنجز کا بخوبی احاطہ کیا۔

رواں سال منعقد ہونے والے پاکستان بریک فاسٹ کی میزبانی پاتھ فائنڈر گروپ آف کمپنیز نے مارٹن ڈاؤ گروپ کے تعاون سے کی جبکہ اہم سیاسی شخصیات بشمول وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، اور وفاقی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سمیت کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاتھ فائنڈر گروپ کے شریک بانی جناب ضرار سہگل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان بریک فاسٹ کے اغراض ومقاصد بتائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور کاروباری قیادت کے درمیان اس طرح کی بات چیت پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ پاکستان کے اقتصادی شعبے کو درپیش چیلنجز کے بارے میں اپنا نقطہ نظر بتاتے ہوئے، مسٹر سہگل نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے نہایت موزوں خطہ ہے جبکہ یہاں بزنس کے حوالے سے بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔ ضرار سہگل کے مطابق پاکستان کی مستحکم معیشت اس خطے کی ترقی پر نہایت مثبت اور دوررس اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

بریک فاسٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے نو عمر وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرادی نے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی جن میں معیشت سے پیدا ہونے والے چیلنجز، عالمی وبا کرونا، فوڈ سکیورٹی، توانائی، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اپنے پڑوسی ممالک خصوصاً افغانستان اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات شامل ہیں۔ پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اپنے قومی مفاد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ایک جمہوری ملک ہوتے ہوٸے عوام کی مرضی ہمیشہ غالب رہے گی۔ بلاول بھٹو کاکہنا تھا کہ ہم بہت جلد وہ دن اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے جب پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کر لے گا۔

اس موقع پر ورلڈ اکنامک فورم کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر جیریمی جرگن نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی تجارتی حقائق اور خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے موجود مواقع پر روشنی ڈالی۔ مارٹن ڈاؤ گروپ کے سربراہ علی اخائی نے بھی تقریب میں شرکت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا۔