قوم کل یوم پاکستان منائے گی

قوم کل یوم پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہی ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط دفاع یقینی بنایاجائے گا۔یہ دن1940 میں اسی روز تاریخی قراردادلاہورکی منظوری کی یادمیں منایاجاتاہے جس میں برصغیرکے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک الگ مادر وطن کامطالبہ کیاتھا۔دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اورصوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا۔مساجدمیں نمازفجرکے بعدملک کی ترقی اورخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ بڑی سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم لہرایاجائے گا۔اس دن کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی عظیم الشان فوجی پریڈہوگی جس میں تینوں مسلح افواج اورسکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے اور جنگی طیارے فضائی مہارتوں کا شاندارمظاہرہ کریں گے۔مختلف صوبوں کی ثقافت پیش کرنے والے فلوٹس بھی اس تقریب کاحصہ ہیں۔اسلامی تعاو ن تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شریک معزز شخصیات بھی مہمان خصوصی کے طورپریہ پریڈدیکھیں گی۔