آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری

لاہور، 4 فروری 2022ء:

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈنے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کرے گی جبکہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔لہٰذا، مہمان ٹیم اب 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ان میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

وائیٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 24 مارچ کوپاکستان پہنچیں گے۔ یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کے دیگرارکان سے مل سکیں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول:

ستائیس فروری: مہمان ٹیم کی پاکستان آمد
چار تا آٹھ مارچ: پہلا ٹیسٹ، راولپنڈی
بارہ تا سولہ مارچ: دوسرا ٹیسٹ، کراچی
اکیس تا پچیس مارچ: تیسرا ٹیسٹ، لاہور
انتیس مارچ: پہلا ون ڈے، راولپنڈی
اکتیس مارچ: دوسرا ون ڈے، راولپنڈی
دو اپریل: تیسرا ون ڈے، راولپنڈی
پانچ اپریل: واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، راولپنڈی