پاک بحریہ کے پہلے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کا ترکی میں آغاز

پاک بحریہ کے پہلے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کا ترکی میں آغاز ہو گیا۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق جہاز کی تعمیر کی افتتاحی تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں ہوئی جس میں ترکی میں تعینات پاک بحریہ کے چیف نیول اوور سیز کموڈور رضوان خالد مہمان خصوصی تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ مَلجَم کلاس جہاز سطح آب، زیر آب، اینٹی ائیر ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے۔

 ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ تعمیر کیے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 کی تعمیر کراچی شپ یارڈ میں ہو گی اور  جہازوں کی مقامی سطح پر تعمیر سے ملکی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا۔

ترجمان بحریہ کے مطابق ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا پراجیکٹ پاکستان اور ترکی کے مضبوط باہمی تعلقات کا عکاس ہے اور عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال میں جہاز کی تعمیر کے بر وقت آغاز کے لیے تمام شراکت داروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔